13 نومبر 2010 - 20:30

حملوں کے نتیجے میں عوام میں اشتعال پایا جاتاہے،قاضی حسین / شمالی وزیرستان ہی نہیں جہاں ضرورت ہوگی آپریشن کرسکتے ہیں،ہوتی / جنوبی وزیرستان میں دھماکا،متعدد زخمی/ کراچی دھماکا: دو روزبعد بھی ملبہ اٹھایا نہ جاسکا،مکینوں کو مشکلات کا سامنا / نامزد مغوی افغان سفیر عبدالخالق فراحی خاندان کے سپرد / کوئٹہ: جرائم کی شرح میں بتدریج اضافہ جاری / شاہ رکن عالم ایکسپریس سے بارودی سرنگ برآمد / چارسدہ:عمرزئی میں کمشنر کوہاٹ کے مکان پر راکٹ حملہ

ڈرون اور خود کش حملوں کے نتیجے میں عوام میں اشتعال پایا جاتاہے،قاضی حسین 
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ مساجد، درباروں اورعوامی مقامات پر خودکش حملوں کی مذمت کرتے ہیں ۔ دہشت گرد ایسے اقدامات سے قوم کو طبقوں میں تقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور حکومت دہشت گردی کی روک تھام میں ناکام رہی ہے.
قاضی حسین احمد نے وطن کارڈ کی تقسیم پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ایسے علاقوں میں بھی وطن کارڈ تقسیم کئے گئے ہیں جہاں سیلاب آیا ہی نہیں۔
قاضی حسین احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کی کمزور پالیسیوں کے باعث اشیا ئے ضرویہ عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہوگئے ہیں اور عوام پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ 
شمالی وزیرستان ہی نہیں جہاں ضرورت ہوگی آپریشن کرسکتے ہیں،ہوتی 
اسلام آباد میں پی ڈی ایف فورم کے اجلاس کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ ریفارمڈ جی ایس ٹی کا مسئلہ جلد حل ہوجائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا معاملہ امدادی اداروں اور ملکوں کے فنڈز سے منسلک نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں ہی نہیں جہاں ضرورت ہو آپریشن کرسکتے ہیں۔امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے وقت پر حکمت عملی کیلئے بیرونی مشورے کی ضرورت نہیں ہے ۔
جنوبی وزیرستان،شکئی کے علاقے میں دھماکا،متعدد زخمی 
جنوبی وزیرستان کے علاقے شکئی میں دھماکا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب واقع علاقے شکئی میں دھماکا ہوا ہے۔ دھماکا سبزی منڈی کی ایک دکان میں ہوا ہے جب کہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کی کوششیں جاریی ہیں جب کہ امدادی ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار موقع علاقے میں روانہ ہو گئے ہیں۔
کراچی دھماکا: دو روزبعد بھی ملبہ اٹھایا نہ جاسکا،مکینوں کو مشکلات کا سامنا 
جمعرات کے روز کراچی میں پی آئی ڈی سی کے قریب سی آئی ڈی سینٹر میں ہونیوالے دھماکے کے بعد ہلاک ہونیوالے افراد کی شناخت اور تدفین کا سلسلہ مکمل ہوتا جارہا ہے لیکن دھماکے میں سی آئی ڈی سینٹر سمیت متصل آبادی المدنیہ کالونی کا ملبہ دو روز گزر جانے کے باوجود اٹھایا نہیں جاسکا ہے ، جس کے باعث ٹوٹے ہوئے مکانون میں رہائش پذیر افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرین نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ٹوٹے ہوئے مکانات کی مرمت اور تعمیرات کا کام کرایا جائے تاکہ انکی مشکلات اور پریشانی کم ہوسکے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے دھماکے سے متاثرہ آبادی کے مکینوں کو ناشتہ فراہم کیا گیا۔ کے کے ایف کی جانب سے متاثرین کی رہائش کے لیے عارضی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔
پاکستان میں نامزد مغوی افغان سفیر عبدالخالق فراحی خاندان کے سپرد 
پاکستان کیلئے افغان نامزد سفیرعبدالخالق فراحی کو22ستمبر2008کوحیات آباد پشاورسے اغوا کیا گیا تھا جبکہ اغوا کاروں نے مزاحمت پر اس کے ڈرائیورخالد کو قتل کر دیا تھا۔ طالبان کے ایک گروپ کتیبہ صلاح الدین ایوبی گروپ نے اغوا کی ذمہ داری قبول کرلی تھی ۔ اس سال دومئی کو ان کی ایک ویڈیو ٹیپ جاری کی گئی تھی،جس میں51 سالہ عبدالخالق فراحی نے افغان حکومت سے اپنی رہائی کی اپیل کی تھی ۔ گزشتہ روز افغان صوبے خوست میں عبدالخالق فراحی کو ان کے بھتیجے انجینئرمیرویس فراحی کے حوالے کیا گیا۔ پشاورمیں رہائش پذیر عبدالخالق فراحی کے اہل خانہ بھی ان سے ملاقات کے لئے افغانستان چلے گئے اور ان کی رہائش گاہ پر پولیس نفری تعینات ہے۔
......
یاد رہے کہ اس سے قبل ایک ایرانی سفارتکار کو بھی دہشت گردوں نے اغوا کیا ہوا تھا اور ان کے محافظ کو قتل کردیا تھا لیکن حکومت انہیں بازیاب کرانے میں ناکام رہی تو ایرانی اہلکاروں نے کاروائی کرکے انہیں بازیاب کرایا تھا اور یہ دوسرا واقعہ تھا جو مبصرین کے مطابق خاندان کی جانب سے تاوان کی رقم ادا ہونے کی بنا پر نتیجے کو پہنچا ہے۔ چنانچہ پاکستان میں اغوا ہونے سے بچنے میں ہی عافیت ہے ورنہ ...
......
کوئٹہ: جرائم کی شرح میں بتدریج اضافہ جاری 
کوئٹہ میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا جارہاہے لیکن پولیس کی جانب سے بلند بانگ دعووں کے علاوہ عملی طور پر کچھ نظر نہیں آرہا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران جرائم کی شرح میں اضافہ دیکھا گیاہے دس ٹریفک حادثات رونما ہوئے،تین افراد پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،موٹر سائیکل اور گاڑیاں چھیننے کے دو واقعات رونما ہوئے جبکہ سٹریٹ کرائم کے پانچ واقعات دیکھنے میں آئے جس میں شہریوں کو نقدی اور موبل فونز سے محروم کر دیا گیا ۔ چوری اور ڈکیتی کے دو واقعات رونما ہوئے جس میں ڈاکووں نے اہل خانہ کو زد وکوب بھی کیا گیا۔ 
ملتان، شاہ رکن عالم ایکسپریس کی بوگی سے بارودی سرنگ برآمد 
ریلوے پولیس اور سول ڈیفنس حکام کے مطابق کراچی سے آنے والی شاہ رکن عالم ایکسپریس کے بوگی نمبر تین سے ایک لاوارث بریف کیس ملا جس کا معائنہ ریلوے پولیس کے ایک کانسٹیبل طاہر جاوید نے کیا تو اس میں بارودی سرنگ ، ڈیٹونیٹر اور ٹائمر فٹ گیا گیا تھا۔ جس کی اطلاع فوری طور پر ایس پی ریلویز عبدالواجد کیانی اور سول ڈیفنس آفیسر شاہد پرویز کو دی گئی جن کی نگرانی میں بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اس بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا ۔ حکام کے مطابق برآمد ہونے والے مواد کا وزن 10 کلو گرام ہے اور اس سے ٹینکوں کو اڑانے کا کام لیا جاتا ہے ۔ 
چارسدہ:عمرزئی میں کمشنر کوہاٹ کے مکان پر راکٹ حملہ
عمرزئی کے علاقے میں واقع کمشنر کوہاٹ خالد خان عمرزئی کے مکان پر نامعلوم افراد راکٹ فائرکرنے کے بعد فرارہوگئے۔ حملے میں گھر میں موجود تمام افراد محفوظ رہے ۔راکٹ حملے کے وقت خالد خان عمرزئی گھر میں موجود نہیں تھے۔کمشنر کوہاٹ خالد خان عمرزئی سی سی پی او پشاور لیاقت علی خان کے چچازاد بھائی بھی ہیں۔ 

۔۔۔۔۔۔

/110